لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے اور تمام مستحق افراد کو امدادی رقم کسی بھی تکلیف کے بغیر ان کی دہلیز تک پہنچائی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق اب تک نگہبان رمضان دسترخوان پر افطاری کرنے والے افراد کی تعداد 15 لاکھ 78 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ صوبے بھر کے اضلاع میں مجموعی طور پر 26 لاکھ 8 ہزار سے زائد نگہبان کارڈز وصول کیے گئے ہیں۔
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 23 لاکھ 2 ہزار 540 نگہبان کارڈز لوگوں کے گھروں تک پہنچائے جا چکے ہیں، جن میں سے 19 لاکھ 68 ہزار سے زائد کارڈز کیش بھی کروائے جا چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ "مریم کو بتائیں” ایپ کے ذریعے 13 ہزار 892 شہریوں کو فی کس 10 ہزار روپے کی امداد مل چکی ہے، مریم نواز کے ناقدین بھی اب ان کی کارکردگی کے معترف ہیں کیونکہ پنجاب کے چپے چپے میں بلا تفریق ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز پورے پنجاب کو اپنے گھر کی طرح خوبصورت بنا رہی ہیں اور اب ترقی کا سفر صرف لاہور تک محدود نہیں رہا، بلکہ اٹک سے رحیم یار خان تک ایک ہی معیار کے ترقیاتی کام جاری ہیں جس سے وہ عوام کے دلوں میں جگہ بنا رہی ہیں۔