لاہور (کیو این این ورلڈ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آج سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا، جس کے باعث 20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ اس دوران لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بادل برسیں گے، جس سے سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

پی ڈی ایم اے نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام تر حفاظتی انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں بشمول خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے