رحیم یار خان: بی آئی ایس پی رقم کی تقسیم، چھت گرنے سے 5 خواتین جاں بحق

رحیم یار خان (کیو این این ورلڈ) ضلع رحیم یار خان کے علاقے چک 125 پی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں امدادی رقم کی تقسیم کے موقع پر دکان کی چھت اچانک گرنے سے 5 خواتین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق چک 125 پی میں خواتین امدادی رقم حاصل کرنے کے لیے ایک دکان کے اندر جمع تھیں کہ اسی دوران عمارت کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود خواتین ملبے تلے دب گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی امدادی رقم وصول کرنے کے لیے عمارت کے اندر موجود تھیں کہ اچانک چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور نے حادثے میں 5 خواتین کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں متعدد خواتین زخمی بھی ہوئی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پرنسپل شیخ زید کالج اسپتال رحیم یار خان کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والی تقریباً 30 خواتین کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ موقع پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے