پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو گئی ہے اور موٹروے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہرن مینار تک، ایم تھری فیض پور جنکشن سے جڑانوالہ اور ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹروے ایم فور گوجرہ سے ملتان اور موٹروے ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ بعد ازاں موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے رجانہ تک بھی بند کر دیا گیا۔

موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال، اقبال نگر، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جہاں حدِ نگاہ 0 سے 100 میٹر تک محدود ہو چکی ہے۔ خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند کا راج برقرار ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دینے اور دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک محفوظ سفری اوقات میں سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس کے استعمال، لین ڈسپلن پر سختی سے عمل، تیز رفتاری سے گریز اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے کی تاکید کی ہے۔ شہری کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے