لندن (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) برطانیہ نے اپنے حالیہ احتجاجی جلسے میں فیلڈ مارشل کے حوالے سے ایک خاتون کی متنازع تقریر سے اظہارِ لاتعلقی پر مبنی اپنا آفیشل بیان سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر دیا ہے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی یوکے کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا تھا کہ مذکورہ خاتون کی تقریر سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ خاتون پارٹی کی کسی عہدے پر فائز ہیں، جبکہ ان کے خیالات، زبان اور طرزِ گفتگو کو پارٹی پالیسی کے منافی قرار دیا گیا تھا۔ تاہم، نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ وضاحتی ٹویٹ اب ہٹا دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومتِ پاکستان نے برطانوی حکومت کو باقاعدہ خط لکھ کر پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر زیرِ گردش ان ویڈیوز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جن میں مبینہ طور پر آرمی چیف کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ بریڈ فورڈ میں ہونے والے احتجاج کے دوران دی گئی ان دھمکیوں کے بعد پاکستانی وزارتِ خارجہ نے برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو طلب کر کے سخت احتجاجی مراسلہ (ڈیمارش) بھی دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان نے برطانوی سرزمین سے دی جانے والی ان دھمکیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے زور دیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی، تشدد اور عدم استحکام پھیلانے کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے