میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارمشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو کے قریبی علاقے یارو لنڈ کے گاؤں واحد بخش لنڈ کے رہائشیوں نے 14 سالہ معصوم جنید احمد لنڈ کے قاتلوں کی تاحال گرفتاری نہ ہونے پر جروار تھانے کی پولیس کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ماہ قبل جروار تھانے کی حدود گاجی مائنر کے قریب معصوم جنید کو اس کے والد کے سامنے بے دردی سے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا، لیکن طویل وقت گزرنے کے باوجود پولیس ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ احتجاج کے دوران مقتول کے والد طالب حسین لنڈ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے بیٹے کے قاتل اختر لنڈ اور دیگر ملزمان بااثر ہونے کی وجہ سے سرعام شہر میں گھوم رہے ہیں، جبکہ گھوٹکی پولیس بے بس نظر آتی ہے اور ملزمان پر ہاتھ ڈالنے کے لیے تیار نہیں۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما خیر محمد لنڈ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے معصوم بچے کے قتل کو گھوٹکی کے سرداروں اور ایس ایس پی گھوٹکی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان قرار دیا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ایک معصوم کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ خیر محمد لنڈ نے خالد خان لنڈ، ایس ایس پی گھوٹکی اور مقامی بااثر سرداروں کو سات دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت میں گرفتاری عمل میں نہ آئی تو مولانا راشد محمود سومرو کی قیادت میں ایس ایس پی آفس کے سامنے بھرپور دھرنا دیا جائے گا اور نیشنل ہائی وے کو مطالبہ پورا ہونے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے