اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست دے کر ٹائٹل جیتنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی انعامی رقم کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، معاونینِ خصوصی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، جہاں نوجوان کرکٹرز کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی مالی حوصلہ افزائی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی نہ صرف ان کے مورال کو بلند کرتی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی سطح پر قومی وقار میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پوری قوم کے سر فخر سے بلند کر دیے تھے۔ اس تاریخی فتح کے بعد ملک بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا جا رہا تھا، جس پر حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ای سی سی کے پلیٹ فارم سے ان کے لیے انعامات کی منظوری دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے نچلی سطح پر ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع ملے گا اور مستقبل میں پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے