پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں اہم مرحلہ آج مکمل کیا جائے گا، جہاں قومی ایئرلائن کے 75 فیصد حصص کے لیے بولیاں لگائی جائیں گی۔
نجکاری کمیشن کے مطابق بولیوں کا عمل صبح 10 بج کر 45 منٹ سے 11 بج کر 15 منٹ تک جاری رہے گا، جبکہ بولیاں سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر کھولی جائیں گی۔ بولیاں جمع ہونے کے بعد مہربند لفافوں کو محفوظ ڈبے میں رکھا جائے گا، جس کے بعد نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری ریفرنس قیمت کی منظوری دے گی اور بولیاں کھلنے کے موقع پر اس قیمت کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ اگر موصول ہونے والی بولیاں ریفرنس قیمت سے زیادہ ہوئیں تو کھلی نیلامی ہوگی، جبکہ کم بولی کی صورت میں زیادہ بولی لگانے والے کو ترجیح دی جائے گی۔
حکومت قومی ایئرلائن کے 25 فیصد حصص اپنے پاس بطور قیمتی اثاثہ رکھے گی، جبکہ کامیاب بولی دہندہ باقی 25 فیصد حصص خریدنے یا حکومت کے پاس چھوڑنے کا اختیار رکھے گا۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد بولی دہندگان سے موصول دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے بعد نجکاری کمیشن 90 دن کے اندر تمام قانونی کارروائی مکمل کرے گا۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق بولی کے عمل کو ٹی وی نیٹ ورکس پر براہِ راست نشر کیا جائے گا، جبکہ مشیر برائے نجکاری محمد علی بولی کے عمل کے اختتام پر پریس کانفرنس کریں گے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری وزیراعظم شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔