اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ آئندہ چند روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔ ابتدائی ورکنگ کے مطابق 16 دسمبر سے پیٹرول، ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات 11 روپے فی لیٹر تک سستی ہوسکتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ کمی سے متعلق ورکنگ فائنل کرلی ہے، جس کے مطابق پیٹرول 36 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 11 روپے 85 پیسے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔ مٹی کا تیل 11 روپے 70 پیسے اور لائٹ ڈیزل 10 روپے 1 پیسہ فی لیٹر تک کم ہوسکتا ہے۔

اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کی سمری 15 دسمبر کو وزارتِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا، جس کے بعد یہ قیمتیں 16 دسمبر سے نافذالعمل ہوں گی۔

مجوزہ کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 9 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 267 روپے 80 پیسے فی لیٹر مقرر ہونے کی توقع ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت کم ہو کر 181 روپے 16 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 153 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوجائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے