لاڑکانہ(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مفاہمت ناگزیر ہے اور اس کی کامیابی کے لیے سیاسی انتہاپسندی ترک کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور معاشی بحران ساتھ ساتھ چلتے ہیں، اس لیے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سیاسی قوتوں کو جلد یا بدیر مفاہمت کی راہ اپنانا پڑے گی۔

بینظیر بھٹو شہید کی اٹھارہویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا آخری پیغام مفاہمت تھا اور انہوں نے اپنی آخری کتاب بھی اسی موضوع پر لکھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ 9 مئی جیسے حملے اور اداروں کو گالیاں دینا سیاست کے دائرے میں نہیں آتا، جبکہ سیاسی کارکنوں اور قیادت کو سیاست کو دوبارہ جمہوری حدود میں واپس لانا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سخت حالات اور مظالم کے باوجود سیاسی دائرے میں رہ کر جدوجہد کی اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تقسیم سے جمہوریت، معیشت اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس لیے اپوزیشن اور حکومت دونوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی تقسیم ختم کرنے کے لیے آصف علی زرداری پر اعتماد کیا جا سکتا ہے، جو مفاہمت کے ذریعے پاکستان کو بحران سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی مسائل کا حل، سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں اور تمام سیاسی قوتوں کو ملکی مفاد میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے