لاہور (کیو این این ورلڈ) لاہور پولیس کے ایک اہلکار عبدالرحمن کی جانب سے شہری سے نہایت ڈھٹائی کے ساتھ ’بسم اللہ‘ پڑھ کر رشوت وصول کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس نے محکمہ پولیس کی کارکردگی اور اخلاقی معیار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ تھانہ راوی روڈ میں تعینات اس اہلکار نے رنگ روڈ پر ایک شہری کو روک کر اس سے مبینہ طور پر پیسے وصول کیے اور رقم پکڑتے وقت بلند آواز میں اللہ کا نام لیا، جس کی ویڈیو وہاں موجود کسی شخص نے بنا کر انٹرنیٹ پر شیئر کر دی۔ ویڈیو منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں صارفین نے اسے اخلاقی دیوالیہ پن قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جب محافظ ہی اللہ کے نام کا سہارا لے کر سرِعام لوٹ مار کریں گے تو عام شہری کس سے پناہ مانگے گا۔

واقعے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ اہلکار عبدالرحمن کو گرفتار کرنے کا حکم دیا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے اہلکار کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کرنے اور اس کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے عناصر کی لاہور پولیس میں کوئی جگہ نہیں اور ایک کالی بھیڑ کا غلط فعل پوری فورس کی بدنامی کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمے میں بدعنوانی پر ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسی اپنائی گئی ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب، سوشل میڈیا صارفین اور تاجر برادری نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک پہلو ہے کہ اہلکار کو اس بات کا بھی خوف نہیں تھا کہ اس کی ویڈیو بنائی جا رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف برطرفی کافی نہیں بلکہ ایسے عناصر کو کڑی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی وردی کی آڑ میں ایسی جسارت نہ کر سکے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی بھی پولیس اہلکار غیر قانونی مطالبہ یا بدتمیزی کرے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ فورس کو کرپشن سے پاک کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے