اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرکاء کو مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان نے خطے میں تنازع کی شدت کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور وزیراعظم نے اس حوالے سے مشرق وسطیٰ کی قیادت سے کیے گئے رابطوں پر تمام رہنماؤں کو اعتماد میں لیا۔

اجلاس میں دفتر خارجہ کے حکام نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے ایران پر حملوں اور آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی فوری مذمت کی تھی۔ سیاسی قیادت نے موجودہ حالات میں ملی اتحاد اور یگانگت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت کی سفارتی کوششوں کو سراہا، جبکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے ان کوششوں کو مزید تیز کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

شرکاء نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور قومی مفاد کے اہم معاملات پر تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے وزیراعظم کے اقدام کی تعریف کی۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر وفاقی وزراء سمیت اہم سینیٹرز اور ارکانِ اسمبلی نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ اس اہم ان کیمرہ بریفنگ میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کوئی بھی رکن شریک نہیں ہوا۔ حکومت کی جانب سے اس اجلاس کا مقصد ملک کی تمام بڑی سیاسی قوتوں کو علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر ایک پیج پر لانا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے