کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنے فضائی آپریشن میں بڑے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے 6 سال کے طویل وقفے کے بعد اسلام آباد سے لندن کے لیے براہِ راست پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 29 مارچ سے وفاقی دارالحکومت سے لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے اڑان بھریں گی۔ واضح رہے کہ لندن پی آئی اے کا قدیم ترین اور سب سے پرکشش بین الاقوامی روٹ رہا ہے جو طویل عرصے سے معطل تھا، تاہم اب اس کی بحالی سے مسافروں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔ قومی ایئرلائن اس وقت مانچسٹر کے لیے بھی ہفتہ وار 3 پروازیں کامیابی سے چلا رہی ہے، جبکہ برطانیہ کے لیے مجموعی فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز گزشتہ سال 25 اکتوبر کو وزیر دفاع خواجہ آصف نے کیا تھا۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی آئی اے کی نجکاری کا عمل بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر قومی ایئرلائن کی ملکیت حاصل کی ہے، جس کے بعد ایئرلائن کے انتظامی اور آپریشنل معاملات میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لندن آپریشن کی بحالی سے ایئرلائن کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو براہِ راست سفر کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ اس فیصلے کو ہوابازی کی صنعت اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ روٹ تاریخی طور پر پی آئی اے کے لیے سب سے زیادہ منافع بخش رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے