پشاور (کیو این این ورلڈ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے صوبائی دارالحکومت کے بازاروں اور تجارتی مراکز میں جعلی کرنسی پھیلانے والے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالوہاب اور سیف اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں پشاور کے مختلف مقامات سے حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 14 لاکھ 35 ہزار روپے مالیت کے جعلی کرنسی نوٹ، ایک پستول اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان یہ جعلی کرنسی پشاور سمیت صوبے کے دیگر بڑے تجارتی مراکز میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر اور جعلی نوٹوں کی چھپائی کے مقام کا سراغ لگایا جا سکے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں جعلی کرنسی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد سیکیورٹی اداروں نے شہر کے کاروباری حلقوں کی شکایات پر کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے، اور جلد مزید اہم گرفتاریوں کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔