پشاور: (کیو این این ورلڈ)صوبائی دارالحکومت پشاور میں تھانہ متھرا کی حدود ورسک روڈ حسن گھڑی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک خواجہ سرا کو بے دردی سے قتل کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت ‘بجلی’ کے نام سے ہوئی ہے جسے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ علاقے سے گزر رہا تھا۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ فائرنگ کی آواز سن کر علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر خواجہ سرا بجلی کے قتل کے محرکات اور وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں، تاہم مختلف پہلوؤں پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قریبی نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ خواجہ سرا برادری نے اس وحشیانہ قتل پر گہرے دکھ اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے اور خواجہ سراؤں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے