اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پیرا فورس کے افسران کو ماہِ صیام کے دوران عوامی ریلیف کے لیے بھرپور اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی اور عام آدمی کو ریلیف پہنچانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے پیرا فورس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک ہو کر سستے بازاروں اور عام مارکیٹوں میں قیمتوں کی باقاعدہ چیکنگ کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی رعایت کے بغیر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ناجائز منافع خوروں کا قلع قمع کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور پھل سمیت تمام ضروری اشیاء کی سرکاری نرخنامے کے مطابق دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پرائس کنٹرول اقدامات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

افسران کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انتظامیہ کا عزم ہے کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کر کے ان کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے