بورڈ آف گورنرز نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ، ڈومیسٹک کرکٹ اور انفراسٹرکچر کے لیے اربوں روپے کی منظوری دے دی

بورڈ آف گورنرز نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ، ڈومیسٹک کرکٹ اور انفراسٹرکچر کے لیے اربوں روپے کی منظوری دے دی
لاہور: Pakistan Cricket Board کے بورڈ آف گورنرز نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے، نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور Pakistan Super League سیزن 12 کے بجٹ سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔

محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خودمختار بنانے، پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی منظوری اور ڈومیسٹک کرکٹ کا بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ، ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کرکٹرز کی میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی بنیادی میچ فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے کی ساڑھے 6 لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی کی ساڑھے 4 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ مختلف کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کو فارمیٹ کے لحاظ سے الگ میچ فیس ادا کی جائے گی۔

بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی میں شریک کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے اور ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے فنڈز مختص کرنے، ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے، مزید 12 گراؤنڈز کو آپریشنل بنانے اور نیشنل اسٹیڈیم سمیت دیگر کرکٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو مکینکس مشین کی تنصیب کے لیے بھی فنڈز منظور کیے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے