اسلام آباد(ویب ڈیسک)حکومتِ پاکستان نے برطانوی حکومت کو سفارتی خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ کی سرزمین سے پاکستان میں تشدد، نفرت اور عدم استحکام کو ہوا دینے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔
دسمبر 2025 میں لکھے گئے اس خط میں پی ٹی آئی سے منسلک سوشل میڈیا سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جن میں اشتعال انگیز بیانات اور مواد شامل ہیں۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے 26 دسمبر کو تصدیق کی کہ یہ خط برطانیہ کے ہوم آفس کو ارسال کیا گیا ہے، جس میں مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ایک زیرِ گردش ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے منسلک پلیٹ فارمز پر ایسے مواد کی تشہیر ہو رہی ہے جو فوج اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلاتا اور تشدد پر اکساتا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ مواد سیاسی اظہار نہیں بلکہ واضح طور پر قتل اور تشدد کی ترغیب کے زمرے میں آتا ہے۔
پاکستان نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قتل اور تشدد کی کالز دینے والوں کی شناخت، تحقیقات اور قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے، نیز اس امر کی تحقیقات کی جائیں کہ یہ پلیٹ فارمز پاکستان میں بے امنی اور تشدد پھیلانے میں کس حد تک ملوث ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف تشدد، بے امنی اور دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔ حکومتِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے پر خاموشی کو غیر جانبداری نہیں سمجھا جائے گا اور اس سے باہمی اعتماد و تعاون متاثر ہو سکتا ہے، تاہم پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ معاملے سے فوری اور قانونی طور پر نمٹا جائے گا۔