اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان نے یمن میں دوبارہ سر اٹھاتے ہوئے تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان یمن میں پائیدار امن و استحکام کے لیے جاری تمام کوششوں کی بھرپور تائید کرتا ہے اور کسی بھی فریق کی جانب سے کیے جانے والے ایسے یکطرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتا ہے جو صورتحال کو مزید کشیدہ کرنے، امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے اور پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کا باعث بن سکتے ہوں۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے یمن میں کشیدگی کم کرنے اور امن برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں دو ٹوک الفاظ میں دہرایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی سکیورٹی اور سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور مملکت کے دفاع کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ پاکستان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ یمن کے مسئلے کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کیا جائے، تاکہ یمنی عوام اور علاقائی طاقتیں مل کر ایک ایسے جامع اور دیرپا حل کی طرف بڑھ سکیں جو خطے کے مستقل استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے