اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ڈیجیٹل اصلاحاتی فریم ورک کے تحت سال 2026 میں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کا خوش آئند اور پُراعتماد آغاز ہوا ہے، جہاں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی دوراندیش معاشی حکمتِ عملی کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوا ہے۔ سال کے آغاز پر ہی عالمی ڈیجیٹل آپریٹر وی اون (VEON) گروپ کی جانب سے موبی لنک بینک میں 20 ملین ڈالر کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے، جو ملک کے ڈیجیٹل اور اسلامی بینکاری شعبے میں ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ یہ حالیہ سرمایہ کاری جنوری 2025 میں کی گئی 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا تسلسل ہے، جو موبی لنک بینک کی مسلسل ترقی اور پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی ایکو سسٹم پر عالمی مارکیٹ کے غیر متزلزل بھروسے کی عکاس ہے۔
وی اون گروپ کے مطابق یہ اقدام اعلیٰ اثر رکھنے والے ڈیجیٹل مالیاتی ایکو سسٹمز کو مضبوط بنانے کی ان کی عالمی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس میں موبی لنک بینک اور جازکیش پر مشتمل مربوط نظام پاکستان کے فِن ٹیک اور مالی شمولیت کے ایجنڈے کو نئی رفتار دے رہا ہے۔ وی اون گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور چیئرمین موبی لنک بینک عامر ابراہیم نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وی اون کی جانب سے مسلسل سرمایہ کاری پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں جاری ساختی تبدیلیوں پر طویل المدتی اعتماد کی واضح علامت ہے۔ ایس آئی ایف سی کی بصیرت افروز رہنمائی اور حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کے باعث پاکستان اب 2026 میں سرمایہ کاری، عالمی اعتماد اور پائیدار معاشی ترقی کے ایک سنہرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔