کولمبو (کیو این این ورلڈ) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سب سے بڑے اور اعصاب شکن مقابلے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کولمبو کے آر پریماداسا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس ہائی وولٹیج میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ اس پچ پر کیسی کرکٹ کھیلنی ہے اور کھلاڑی بڑے مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے اسٹیڈیم پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، کپتان سلمان آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان طارق، شاہین آفریدی اور ابرار احمد شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم میں ابھیشیک شرما کی واپسی ہوئی ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایشان کشن، تلک ورما، کپتان سوریا کمار یادو، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، رنکو سنگھ، اکشر پٹیل، ورن چکرورتی، کلدیپ یادو اور جسپریت بمراہ ٹیم کا حصہ ہیں۔ بھارتی بیٹرز کے لیے سب سے بڑا چیلنج عثمان طارق کا منفرد بولنگ ایکشن ہوگا، جس کے لیے انہوں نے نیٹ سیشنز میں خصوصی پریکٹس بھی کی ہے، تاہم پاکستانی شاہین اپنی بولنگ کے وار سے حریف کو کم اسکور پر محدود کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

تاریخی ریکارڈ کے لحاظ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کا پلہ بھاری رہا ہے، جہاں 8 مقابلوں میں سے بھارت نے 7 جبکہ پاکستان نے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے، تاہم آج کے میچ میں گرین شرٹس اس ریکارڈ کو بدلنے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں 16 بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے 13 میچ بھارت کے نام رہے ہیں۔ دنیائے کرکٹ کی نظریں اس وقت کولمبو پر جمی ہوئی ہیں جہاں بیٹنگ اور بولنگ کی مہارت کے ساتھ ساتھ اعصاب کا اصل امتحان ہوگا، اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کے اظہار کے ساتھ جیت کا عزم لیے مدمقابل ہیں۔