ڈھاکا (کیو این این ورلڈ) بنگلادیش نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 115 رنز کا ہدف بآسانی 15.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

ڈھاکا کے شیرِ بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے حق میں درست ثابت ہوا۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صاحبزادہ فرحان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ شمائل حسین صرف 4 رنز بنا سکے۔ اپنے کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے معاذ صداقت بھی 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیشی بولرز کی شاندار باؤلنگ کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 30.1 اوورز میں 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جو بنگلادیش کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کا کم ترین اسکور بھی ہے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 37 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ محمد رضوان 10، سلمان آغا 5، حسین طلعت 4، عبدالصمد صفر، شاہین آفریدی 4 اور محمد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے، جبکہ ابرار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے ون ڈے کیریئر کی بہترین باؤلنگ ہے، جبکہ مہدی حسن میراز نے 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ تنزید حسن نے 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ نجم الحسین شنتو نے 27 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو اس وکٹ پر پہلے بیٹنگ ہی کرتے کیونکہ اس پچ پر 270 سے 280 رنز ایک اچھا مجموعہ ثابت ہو سکتا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے اس میچ میں چار کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا جن میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، عبدالصمد اور شمائل حسین شامل تھے۔ یہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان ٹیم کی جانب سے ایک ساتھ اتنے کھلاڑیوں نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے