نیویارک (ویب ڈیسک) پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے حالیہ اعلان کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے دوٹوک موقف اختیار کیا کہ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا بھرپور حامی ہے اور اس معاملے پر عالمی قوانین کے مطابق اپنا اصولی موقف برقرار رکھے گا۔ پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کے ارکان کو اسرائیل کے اصل عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اسرائیل غزہ سے فلسطینیوں کو زبردستی دربدر کر کے صومالی لینڈ منتقل کرنا چاہتا ہے، جو کہ انسانی حقوق اور عالمی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

پاکستانی مندوب عثمان جدون نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب صومالیہ کی حکومت ملک میں استحکام لانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، اسرائیل کا یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرنے کی دانستہ سازش ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کی ممکنہ بے دخلی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی کسی بھی کارروائی کو عالمی برادری قبول نہیں کرے گی۔ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق اور ان کی اپنی زمین پر حقِ ملکیت کی حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کے ہر پلیٹ فارم پر اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔ واضح رہے کہ اسرائیل دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ابھی تک کسی دوسرے ملک نے اسے تسلیم نہیں کیا اور تمام مسلم ممالک نے اسرائیلی اقدام کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے