اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو غزہ کے لیے نو تشکیل شدہ ‘بورڈ آف پیس’ میں شامل ہونے کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو اس امن بورڈ میں شمولیت کی پیشکش موصول ہو چکی ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان غزہ میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی برادری سے رابطے میں ہے اور مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اس بورڈ کی سربراہی خود سنبھالی ہے جبکہ ارکان میں مارکو روبیو، جیرڈ کشنر، ٹونی بلیئر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بانگا سمیت اہم عالمی شخصیات شامل کی گئی ہیں۔

اسرائیل نے اس بورڈ کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے اسے اپنی پالیسیوں کے منافی قرار دیا ہے، تاہم امریکی صدر نے بورڈ کے ارکان کا اعلان کر کے امن منصوبے کو دوسرے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ یہ بورڈ غزہ میں سکیورٹی، تعمیر نو، انسانی امداد اور حکومتی ڈھانچے میں اصلاحات کے امور کی نگرانی کرے گا۔ ایگزیکٹو بورڈ میں ترکیہ، قطر، مصر اور متحدہ عرب امارات کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو غزہ میں عوامی خدمات کی فراہمی میں معاونت کریں گے۔ پاکستان کی شمولیت کی صورت میں مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے حل میں اہم سفارتی پیش رفت متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے