دبئی(ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی ہے۔ پاکستان کے 348 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی نوجوان بلے بازوں نے بھارتی بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جس میں نوجوان اوپنر سمیر منہاس کی دھواں دھار بیٹنگ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ سمیر منہاس نے محض 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جو اس ٹورنامنٹ کا انفرادی ٹاپ اسکور بھی رہا۔ دیگر بلے بازوں میں احمد حسین 56 اور عثمان خان 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے۔ اننگز کے اختتام پر محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی۔ بھارت کی جانب سے صرف دپیش دیوندرن 36 اور سوریا ونشی 26 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کر سکے، تاہم پوری ٹیم 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صائم، عبدالسبحان اور حزیفہ احسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کے اسٹار بلے باز سمیر منہاس کو ان کی ریکارڈ ساز اننگز پر نہ صرف مین آف دی میچ بلکہ ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان دوسری مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے؛ اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا تھا، تاہم اس بار پاکستان نے تن تنہا یہ اعزاز اپنے نام کر کے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے