لاہور (کیو این این ورلڈ): ملک بھر میں آج یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، یہ دن 23 مارچ 1940 کی قراردادِ لاہور اور ایک آزاد وطن کے حصول کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، جبکہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک اور قوم کی سلامتی و ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

اس مرتبہ، مشرق وسطیٰ میں کشیدہ حالات کے پیش نظر اور ملکی سطح پر جاری کفایت شعاری کے تحت یوم پاکستان سادگی سے منایا گیا۔ اس ضمن میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اور پریڈ سادہ اور پروقار رکھی گئی۔
یومِ پاکستان پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی۔ دونوں نے پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔ سندھ کابینہ کے اراکین بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
مزار اقبال پر یوم پاکستان کے موقع پر پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کی تبدیلی کی شاندار تقریب پیش کی، جس میں مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال تھے۔ پاک فضائیہ نے تقریب کے دوران مزارِ اقبال کی سکیورٹی سنبھالی، جبکہ قبل ازیں یہ ذمہ داری ستلج رینجرز کے پاس تھی۔

ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال نے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے، اس موقع پر یوم پاکستان کی اہمیت اور قومی جوش و جذبے کو اجاگر کیا گیا۔