اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) بین الاقوامی جریدے "گلف نیوز” نے پاکستانی چاول کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پذیرائی کی تصدیق کر دی ہے، جس کے مطابق سال 2026 کے آغاز پر پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا چاول برآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025 میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 14 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں باسمتی چاول کی برآمدات میں ہونے والے 50 فیصد سے زائد اضافے نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ دسمبر 2025 میں پاکستان نے 4 لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں بھیجے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ویتنام کی برآمدات 3 لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں، یوں پاکستان نے ویتنام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
پاکستان سے چاول کی برآمدات کے حوالے سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سب سے بڑی منڈی رہا، جبکہ چین، تنزانیہ، کینیا اور آئیوری کوسٹ بھی اہم خریداروں میں شامل رہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کامیابی پاکستانی باسمتی چاول کے اعلیٰ معیار اور عالمی منڈی میں مسابقتی قیمتوں کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس اہم سنگ میل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو برآمدات میں مزید اضافے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ تجارتی خسارے میں کمی لائی جا سکے۔ اس وقت پاکستان عالمی منڈی میں بھارت اور تھائی لینڈ کے بعد چاول برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے، جو ملکی معیشت اور زرعی شعبے کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔