راولپنڈی(ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والی تمام تقسیم پسند قوتوں، اندرونی و بیرونی چیلنجز اور انتہاپسندانہ نظریات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژن کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات، فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز، اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے فارمیشن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کی تعریف کرتے ہوئے ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید جنگی ماحول میں حالات سے باخبر رہنا، مؤثر آگاہی اور بروقت فیصلہ سازی ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے گفتگو بھی کی اور قومی سلامتی کے لیے ان کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے سخت اور مقصد پر مبنی تربیت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاک فوج ملک میں تفرقہ ڈالنے والے تمام عناصر اور قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والی تقسیم پسند قوتوں سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مستعد ہے۔

دورے کے آغاز پر، گوجرانوالہ پہنچنے پر کور کمانڈر گوجرانوالہ نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا پرتپاک استقبال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے