اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) پاکستان اور امریکی ادارے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی باضابطہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے سی ای او زچری وٹکوف کی قیادت میں وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر روشنی ڈالی، جس کا مقصد شفافیت اور مالیاتی جدت کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ اور جدید مالیاتی ڈھانچہ پاکستان کی تیزی سے پھیلتی ہوئی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ڈیجیٹل مارکیٹ میں بین الاقوامی اداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک اب عالمی ڈیجیٹل معیشت کا ایک فعال حصہ بن رہا ہے۔ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے سی ای او زچری وٹکوف نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کی تعریف کی اور سرحد پار مالیاتی لین دین اور زرمبادلہ کی ادائیگیوں کے عمل کو جدید بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی میں حکومتِ پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل سے منسلک ادارے ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور زچری وٹکوف نے اس یادداشت پر دستخط کیے، جس کا بنیادی مقصد سرحد پار لین دین کے لیے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل آرکیٹیکچر اور تکنیکی مہارت کا تبادلہ کرنا ہے۔ یہ شراکت داری پاکستان میں مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلاب لانے اور بین الاقوامی سطح پر ادائیگیوں کے عمل کو محفوظ و سہل بنانے میں کلیدی ثابت ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے