ڈیرہ غازی خان: (رپورٹ:سید ریاض جاذب)پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی-289 (ڈیرہ غازی خان-IV) میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسامہ عبدالکریم بلا مقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر ناصر مقصود نے انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 75(1) کے تحت فارم-34 جاری کر دیا ہے، جس کے ذریعے اسامہ عبدالکریم کے باضابطہ طور پر منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مذکورہ حلقے میں کل 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم دیگر 10 امیدواروں کی جانب سے دستبرداری اختیار کرنے کے بعد اسامہ عبدالکریم میدان میں واحد امیدوار رہ گئے تھے، جس کی بنا پر پولنگ کی ضرورت پیش نہیں آئی اور انہیں فاتح قرار دے دیا گیا۔
اسامہ عبدالکریم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سینیٹر حافظ عبدالکریم کے صاحبزادے ہیں اور ان کی اس کامیابی کو جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ شیڈول کے مطابق اس حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 25 جنوری 2026 کو ہونا تھی، مگر تمام مخالف امیدواروں کے ریٹائر ہونے اور میدان چھوڑنے کے باعث انتخابی عمل پولنگ سے پہلے ہی مکمل ہو گیا۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسے علاقے میں پارٹی کی مضبوط گرفت کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
