پشاور (کیو این این ورلڈ) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں "زمونگ کور” کی یتیم اور بے سہارا بچیاں وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی خصوصی مہمان بن گئیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ان بچیوں کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جہاں وزیر اعلیٰ نے خود ان کا استقبال کیا اور انہیں پورے ہاؤس کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر ماحول انتہائی خوشگوار رہا، وزیر اعلیٰ نے بچیوں کے ساتھ وقت گزارا، ان سے تفصیلی گفتگو کی اور ان کی فرمائش پر سیلفیاں بھی بنوائیں۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اس یادگار تقریب کے دوران بچیوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے، جس پر زمونگ کور کی بچیوں نے خوشی کا اظہار کیا اور انہیں مدعو کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ بچیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ آپ لوگ زمونگ کور کی اصل مالک ہیں اور ہم آپ کے خادم کی حیثیت سے یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت آپ کی تعلیم اور کفالت کا اس وقت تک بھرپور خیال رکھے گی جب تک آپ تعلیم مکمل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو جاتیں۔

تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بچیوں کے مسائل اور شکایات کو براہ راست سننے کے لیے ایک خصوصی "کمپلینٹ سیل” قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ان بچیوں کو درپیش کسی بھی قسم کے مسئلے کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔ زمونگ کور میں مقیم ان یتیم اور بے سہارا بچیوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں گزارے گئے ان لمحات کو اپنی زندگی کا ایک یادگار تجربہ قرار دیا اور حکومت کے اس ہمدردانہ رویے کی تعریف کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے