اوکاڑہ: دو مختلف ٹریفک حادثات میں 18 سالہ لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق، ایک نوجوان شدید زخمی

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ضلع اوکاڑہ میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات نے دو گھروں میں کہرام مچا دیا، ان افسوسناک واقعات میں ایک دوشیزہ اور ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ بصیر پور کے نواحی گاؤں کھگہ مہر شاہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالی وزن زیادہ ہونے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔

ٹریکٹر ٹرالی الٹنے کے نتیجے میں 18 سالہ ڈرائیور علی اصغر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھ موجود 20 سالہ نوجوان نصر اللہ شدید زخمی ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دوسرا المناک حادثہ حجرہ شاہ مقیم چوک میں پیش آیا جہاں دو تیز رفتار موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق تصادم اتنا شدید تھا کہ ایک موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کے درمیان موجود ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 18 سالہ لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

ریسکیو اہلکاروں نے دونوں مقامات پر امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔ ایک میت کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے دونوں واقعات کی رپورٹ درج کر کے حادثات کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے