اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف) ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد شبریز اختر راجہ کی عدالت نے ذہنی معذور لڑکی کو درندگی کا نشانہ بنانے والے دو سگے بھائیوں کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ استغاثہ کے مطابق جنوری 2025 میں دو بھائیوں رضوان اور عرفان نے چک نمبر 16/1AL کی رہائشی ذہنی معذور لڑکی کو رکشہ میں بٹھا کر اغوا کیا اور سرسوں کے کھیت میں لے جا کر باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، جس کا مقدمہ تھانہ صدر رینالہ خورد میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے معاملے کی میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا، جہاں طویل سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر دونوں مجرمان کو عمر قید اور مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ زیادتی جیسے سنگین اور گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ایسے عناصر کو نشانِ عبرت بنانا معاشرے کے امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بہترین تفتیش اور مضبوط قانونی پیروی پر تفتیشی آفیسر اور لیگل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔ اس فیصلے کو عوامی حلقوں میں بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے اور اسے انصاف کی فتح قرار دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے