اوکاڑہ (ملک ظفر):ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان اور ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹر اتھارٹی کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تینوں تحصیلوں کی ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور ٹرانسپورٹرز بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
ضلعی حکام نے اجلاس میں حکومتی ہدایات کے مطابق موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 کے تحت ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ٹرانسپورٹرز اور مسافروں دونوں کی جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے، اس لیے تمام ٹرانسپورٹرز آرڈیننس پر سو فیصد عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز اور مسافروں کی سیفٹی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے ٹریفک قوانین کی پیروی ناگزیر ہے۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹر نمائندوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت تمام اصولوں پر مکمل تعاون اور عملدرآمد کریں گے۔