اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر):حکومت پنجاب کے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے لیے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اوکاڑہ سمیت صوبہ بھر میں کاروباری اوقات کار کے نئے اوقات مقرر کر دیے گئے ہیں۔
مراسلے کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز ہفتہ بھر رات 8 بجے بند کیے جائیں گے، تاہم فارمیسیاں، میڈیکل سٹورز، میڈیکل سپلائی سٹورز، میڈیکل لیبارٹریاں اور ہسپتالوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اسی طرح پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، تندور، بیکریاں اور دودھ و ڈیری شاپس بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
حکومتی ہدایات کے مطابق تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ ہوم ڈلیوری اور پارسل سروس کی اجازت برقرار رہے گی۔ مزید برآں شادی ہالز، بینکوئٹس اور شادی کی تقریبات، چاہے گھروں یا فارم ہاؤسز پر ہوں، رات 10 بجے تک ختم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر یہ اقدامات مفاد عامہ کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران اور پیرا فورس کو ہدایت کی کہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور انجمن تاجران سمیت متعلقہ ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔