اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ کے خلاف ٹیمیں تشکیل دے کر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض کی زیر نگرانی عیدالفطر کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں جی ٹی روڈ پر مختلف گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جہاں اوورچارجنگ پر متعدد ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
کارروائی کے دوران مسافروں سے زائد وصول کی گئی رقم فوری طور پر واپس بھی کروا دی گئی، جس پر شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہا۔
سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے کہا کہ کرایہ ناموں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ کرایہ سے زائد ادائیگی نہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا اور کسی کو بھی مسافروں کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔