اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے ایسٹر کے موقع پر سینٹ جیمز کیتھولک چرچ، کرائسٹ چرچ اور ناصری چرچ سمیت مختلف عبادت گاہوں کا دورہ کیا اور وہاں سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر عیسائی برادری کے تحفظ کے لیے 500 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ تمام گرجا گھروں کے گرد و نواح میں فول پروف سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور تمام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقلیتوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید آلات کی مدد بھی لی جا رہی ہے تاکہ ایسٹر کی تقریبات پرامن ماحول میں مکمل ہوں۔ ڈی پی او نے مقامی مسیحی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی اور انہیں پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ سماجی و مذہبی حلقوں نے پولیس کے ان بروقت اور موثر حفاظتی انتظامات کو بھرپور سراہا ہے۔