اوکاڑہ: ارتھ آور پر ایک گھنٹہ لائٹس بند رکھنے کا اعلان

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ضلع اوکاڑہ میں ارتھ آور منانے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے سرکاری دفاتر، نجی عمارتوں، بازاروں، عوامی مقامات اور چوراہوں میں ارتھ آور کے دوران غیر ضروری لائٹس بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں غیر ضروری روشنیاں بند رکھ کر اس عالمی مہم کا حصہ بنیں۔

احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں آج ارتھ آور منایا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد توانائی کی بچت کو فروغ دینا اور کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے ایسے اقدامات عوامی آگاہی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق آج رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک ضلع بھر میں غیر ضروری لائٹس بند رکھی جائیں گی۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس اہم اقدام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جہاں تک ممکن ہو ارتھ آور کے دوران غیر ضروری بجلی کا استعمال ترک کریں تاکہ توانائی کے تحفظ اور ماحول کے بچاؤ میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے