اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں عوامی شکایات کے حل کے لیے متحرک ہوگئی ہیں۔ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر (ایس ڈی ای او) پیرا وسیم جاوید سمیت دیگر افسران نے مختلف پیٹرول پمپس کا ہنگامی دورہ کیا اور اسٹاک کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی افسران نے پیٹرول کی قلت اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق عوامی شکایات پر متعدد پمپس کی انسپکشن کی۔ اس دوران ذخیرہ اندوزی کی شکایت درست ثابت ہونے پر ایس ڈی ای او وسیم جاوید نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک پیٹرول پمپ کو سیل کر دیا۔ انتظامیہ کی مداخلت کے بعد مختلف پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو دوبارہ بحال کروا دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
اس موقع پر ضلعی افسران نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی قلت یا شارٹیج کا بہانہ بنا کر تیل چھپانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
انتظامیہ نے پیٹرول پمپ مالکان کو دو ٹوک الفاظ میں ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو پیٹرول کی فراہمی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کریں۔ ضلعی ٹیموں کی جانب سے نگرانی کا یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔