اوکاڑہ:شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کے لیے اہم فیصلے

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت غلہ اور سبزی منڈی کی نئی تعمیر اور منتقلی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے دور رس فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر، اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ، سابق ایم پی اے منیب الحق، اور مارکیٹ کمیٹی کے اعلیٰ حکام سمیت صدر غلہ منڈی حبیب الحق چوہدری اور صدر سبزی و فروٹ منڈی چوہدری طاہر صدیق نے بھرپور شرکت کی۔ اس کے علاوہ آڑھتیوں، تاجروں اور دکانداروں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

اجلاس کے دوران شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ نے غلہ و سبزی منڈی کے نئے منصوبوں کے نقشے اور تعمیراتی مراحل کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ نئی منڈیاں جدید ترین سہولیات سے لیس ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف شہر کا نقشہ بدلنا ہے بلکہ تاجر برادری کو کام کے لیے پرسکون اور وسیع ماحول فراہم کرنا بھی ہے تاکہ مقامی تجارت میں اضافہ ہو سکے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی غلہ منڈی ایک وسیع رقبے پر محیط ہوگی جہاں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئی منڈیوں کی تعمیر کے لیے جاری اقدامات کو تیز کیا جائے تاکہ مقررہ وقت میں منصوبہ مکمل ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی منڈیوں کے قیام سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی، تجارتی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور سب سے بڑھ کر عام عوام کو ٹریفک کے مسائل سے نجات ملنے کے ساتھ ساتھ ریلیف بھی میسر آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے