اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیرِ صدارت ایل پی جی ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور پلانٹ ہولڈرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی بھی شریک تھے۔ اجلاس میں گیس کی قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کروانے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے تمام پلانٹ ہولڈرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام دکانوں اور پلانٹس پر قیمتوں کی فہرست واضح جگہ پر آویزاں کی جائے تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں کا علم ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی ری فلنگ اور غیر معیاری سلنڈرز کی فروخت کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی اپنائی جائے گی اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
احمد سلیم چشتی نے مزید کہا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے سول ڈیفنس آفیسر کو مارکیٹ کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف موقع پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور ان کی دکانیں سیل کر دی جائیں تاکہ منافع خور مافیا کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔