اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر ) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے 2 فروری سے شروع ہونے والی مہم کے دوران 100 فیصد اہداف حاصل کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فواد افتخار نے مہم کے مائیکرو پلان، فیلڈ ٹیموں کی تشکیل، لاجسٹک سپورٹ اور سیکیورٹی فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے، اس لیے ضلع کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام ٹیمیں اپنی تیاریاں فوری مکمل کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے دوران غفلت کی کوئی گنجائش نہیں اور ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے فیلڈ عملے کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ دور دراز کے دیہی علاقوں اور خانہ بدوش بستیوں میں رہنے والے خاندانوں پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ وہاں موجود بچوں تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں سیکیورٹی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے، جس کے تحت پولیس حکام کو پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دینے اور حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ مہم میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے شام کو اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام محکمے مل کر اس قومی فریضے کو سرانجام دیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے۔