اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے بڑے وعدے کی تکمیل کے تحت اوکاڑہ میں سہولت بازار قائم کر دیا گیا۔ انقلابی عوامی ریلیف مشن کے تحت بننے والے جدید سہولت بازار کا افتتاح چیئرمین سہولت بازار اتھارٹی پنجاب و ایم این اے ملک افضل کھوکھر نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر، ڈائریکٹر آپریشنز سہولت بازار اتھارٹی ملک صدام حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، منیجر سہولت بازار محمد ثاقب وٹو، دیگر افسران، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سہولت بازار اتھارٹی پنجاب ملک افضل کھوکھر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اوکاڑہ میں 108 دکانوں پر مشتمل سہولت بازار کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے، جو 14 کنال رقبے پر 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو انتہائی کم کرایہ پر دکانیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ بجلی، پارکنگ، واٹر فلٹریشن پلانٹ، سی سی ٹی وی کیمروں اور سکیورٹی کی سہولیات بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

ملک افضل کھوکھر نے مزید بتایا کہ عوام کو ایک ہی چھت تلے روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں گی، جبکہ جدید انڈور اور آؤٹ ڈور گیمز کے لیے جوائے لینڈ بھی جلد متعارف کرایا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ سہولت بازاروں کا دائرہ کار صوبے کے ہر ضلع اور تحصیل تک بڑھایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام نہ صرف عوام کو مہنگائی سے ریلیف دے گا بلکہ بے روزگار طبقے کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی کسی حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے اس پیمانے پر اقدامات نہیں کیے۔

تقریب کے اختتام پر شہریوں نے اوکاڑہ میں سہولت بازار کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہارِ تشکر کیا اور اسے حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کا عملی نمونہ قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے