اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) لاہور میں منعقدہ 33ویں نیشنل تن شن کان کراٹے چیمپئن شپ میں اوکاڑہ کی ٹیم ‘دی ماسٹرز’ نے پنجاب وائٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اوکاڑہ کے ان نیشنل ہیروز نے میڈلز کی دوڑ میں حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 6 گولڈ، 8 سلور اور 5 برانز میڈلز اپنے نام کر کے ضلع کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اس شاندار کامیابی پر سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیشنل ہیروز کو اعزازی ممبر شپ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر نے کھلاڑیوں اور ان کے انسٹرکٹرز نعیم اختر اور وسیم طارق کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
لاہور میں ہونے والی اس نیشنل چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے نامور ٹیموں نے شرکت کی تھی، جہاں دی ماسٹرز کے کھلاڑیوں نے تمام شعبوں میں انتہائی جارحانہ اور پیشہ ورانہ کھیل پیش کر کے پوزیشنز اپنے نام کیں۔ سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ اوکاڑہ کے سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے بھی اس بڑی فتح پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ سماجی شخصیات کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ کے نوجوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ قومی سطح پر بہترین نتائج دے سکتے ہیں، اور ایسی تقریبات سے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔