اوکاڑہ پولیس متحرک، عید پر 813 مقامات پر سیکیورٹی پلان نافذ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے احکامات پر عیدالفطر کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ضلع اوکاڑہ میں 813 مقامات پر عیدالفطر کی نماز ادا کی جائے گی، جن میں اے کیٹیگری کی 18، بی کیٹیگری کی 163 اور سی کیٹیگری کی 602 مساجد شامل ہیں، جبکہ 17 امام بارگاہوں اور 13 کھلے مقامات پر بھی نماز عید کے اجتماعات ہوں گے۔

سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 1300 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جن میں 1 ایس پی، 7 ڈی ایس پیز، 21 انسپکٹرز، 54 سب انسپکٹرز، 108 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 38 ہیڈ کانسٹیبلان، 1071 کانسٹیبلان اور ایلیٹ فورس کی 8 ٹیمیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

عید کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران و جوان بھی خصوصی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ مساجد اور عیدگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کی جائے گی، جبکہ خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس بھی تعینات ہوگی۔

پولیس کے مطابق اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے مکمل سرچ اور کلیئرنس بھی یقینی بنائی جائے گی۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ اہم بازاروں میں موٹر سائیکل اور پیدل گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ عوامی مقامات پر لیڈی پولیس کی ڈیوٹی بھی لگائی گئی ہے تاکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال اور ون ویلنگ پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اوکاڑہ پولیس شہریوں کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے