اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ مرزا راحیل بیگ نے نواحی علاقے 30 فور ایل میں عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تالاب اور سیوریج لائن پر قائم تجاوزات کا ازالہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ عوامی شکایات موصول ہونے پر 30 فور ایل پہنچ گئے جہاں انہوں نے موقع پر لوگوں سے مسائل دریافت کیے اور ریونیو ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل افتخار میر، دیگر متعلقہ عملہ اور اہل دیہہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ کی زیر نگرانی تالاب اور سیوریج لائن پر قائم تجاوزات کو ہٹا دیا گیا جبکہ تالاب کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اس کے اطراف موجود ملبہ بھی صاف کر دیا گیا۔ اس دوران تالاب میں جمع مٹی، کچرا اور دیگر رکاوٹوں کو بھی ہٹایا گیا تاکہ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالہ کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کے تالاب پر تجاوزات ایک غیر قانونی عمل ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوبارہ تجاوزات کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تالاب کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی آبادی کو بھی بہتر اور صاف ماحول میسر آئے گا۔