اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے مسجد شرطہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں ضلع بھر سے آئے ہوئے شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل بغور سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری اور مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کیے تاکہ عوام کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ کھلی کچہری کے دوران موصول ہونے والی مختلف درخواستوں پر ڈی پی او نے پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کیں کہ سائلین کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ احتساب کا آغاز خود سے ہوتا ہے اور ہر فرد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور مثبت طرزِ عمل ہی ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ ڈی پی او نے پولیس افسران کو واضح ہدایت کی کہ وہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لیے عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے فرائض سرانجام دیں اور شہریوں کے جائز مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ تب ہی مضبوط ہوگا جب شہریوں کو اپنے مسائل کے لیے پولیس دفاتر اور تھانوں میں عزت اور فوری انصاف میسر آئے گا۔