اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی امن و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان المبارک کے دوران امن عامہ، رواداری اور عوامی ریلیف کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین، انتظامی و پولیس حکام، انجمن تاجران کے نمائندوں، امن کمیٹی کے اراکین اور جید علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ تحصیل اوکاڑہ میں سہولت بازار جبکہ تحصیل دیپالپور میں اپنی مدد آپ کے تحت رمضان بازار لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو سستی اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ مقدس مہینے کے احترام میں عوام کو خصوصی ریلیف فراہم کریں، جبکہ مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع کے 6 بڑے ہسپتالوں میں رمضان دسترخوان بھی قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح کیا کہ احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ اس موقع پر علمائے کرام اور امن کمیٹی کے اراکین نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ضلع میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔
اجلاس کے اختتام پر مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے پر زور دیا گیا تاکہ تمام مکاتب فکر کے لوگ پرامن ماحول میں عبادات سرانجام دے سکیں۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ رمضان المبارک ہمدردی کا مہینہ ہے، اس لیے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔ تقریب کے آخر میں شہدائے اسلام آباد کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔