اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر شہر میں قائم سہولت بازار اور نگہبان راشن کارڈ ایکٹیویشن سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل اور بینک آف پنجاب کے نمائندے بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سہولت بازار میں اشیائے خورونوش کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور دکانداروں کو معیار و قیمتوں کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے افسران کو ہدایت کی کہ حکومتِ پنجاب کے وژن کے مطابق ماہِ صیام میں عوام کو ریلیف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے دکانداروں کو پابند کیا کہ وہ سرکاری ریٹ لسٹیں اپنی دکانوں کی نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ خریداروں کو قیمتوں کے حوالے سے کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی مقدار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مصنوعی مہنگائی یا ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے نگہبان راشن کارڈ ایکٹیویشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کارڈز کی رجسٹریشن اور ایکٹیویشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے اور بینک آف پنجاب کے نمائندوں کو ہدایات جاری کیں کہ مستحقین میں راشن کارڈز کی جلد از جلد اور شفاف تقسیم کے لیے تمام انتظامی انتظامات کو فوری طور پر حتمی شکل دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رمضان شروع ہونے سے قبل ہی مستحق خاندانوں تک امداد پہنچ جائے تاکہ وہ سکون کے ساتھ عبادات کر سکیں۔