اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے اوکاڑہ میں قائم رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور وہاں دستیاب اشیائے خوردونوش کے ریٹس اور معیار کی خود چیکنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ سرکاری نرخناموں پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے رمضان بازار کے مختلف سٹالز پر جا کر سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی اور دالوں سمیت دیگر ضروری اشیاء کی پرائس لسٹوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو واضح احکامات دیے کہ مارکیٹ میں اشیاء کی بلاتعطل فراہمی ہر صورت برقرار رکھی جائے اور کسی بھی مقام پر گرانفروشی یا ناقص اشیاء کی فروخت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سٹال مالکان کو تنبیہ کی کہ اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے لیے ضلع بھر میں بہترین سہولیات سے آراستہ رمضان بازار لگائے گئے ہیں جن کی وہ خود اور دیگر افسران روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ عام آدمی کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔